
راجستھان کی راجدھانی جئے پور کے ایئرپورٹ پر آج ایک بڑا حادثہ ہوتے ہوتے بچا۔ بدھ کی دوپہر دہلی سے جئے پور پہنچی ایئر انڈیا کی فلائٹ ’اے آئی 1719‘ کی لینڈنگ ناکام ہونے سے افرا تفری والی حالت پیدا ہو گئی اور مسافروں میں دہشت پھیل گئی۔ دوپہر تقریباً 1.05 بجے طیارہ نے جئے پور انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لینڈنگ کی کوشش کی، لیکن رَنوے کو ٹچ کرتے ہوئے طیارہ واپس ہوا میں اڑ گیا۔ اس کے بعد طیارہ ہوا میں پرواز بھرتا رہا اور تقریباً 10 منٹ کے بعد پائلٹ نے طیارہ کی محفوظ لینڈنگ کرائی۔ موصولہ اطلاع کے مطابق طیارہ کی لینڈنگ کے دوران غیر مستحکم حالات پیدا ہو گئے۔ مسافروں کی سیکورٹی کو ترجیح دیتے ہوئے پائلٹ نے معیاری اصول کے تحت ’گو-اراؤنڈ‘ کا فیصلہ لیا اور آخری لمحات میں فیصلہ بدلتے ہوئے طیارہ کو دوبارہ ہوا میں اٹھا لیا۔ اس کے بعد طیارہ نے ایئرپورٹ کے اوپر کچھ وقت تک چکر لگائے۔ حالات معمول پر آنے کے بعد تقریباً 10 منٹ کے وقفہ پر لینڈنگ کی دوبارہ کوشش ہوئی، اور یہ لینڈنگ کامیاب رہی۔ بعد ازاں طیارہ میں موجود مسافروں نے راحت کی سانس لی۔